کوئٹہ (این این آئی) تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی کے اعلان پر ملک بھر کی طرح جمعہ 26 ستمبرکو صوبہ بھر دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں جانوں عساکر پاکستان و پولیس کے شہدا ایام عزا کے دوران وفات پانے والے بلا تفریق جملہ اموات مومنین و مسلمین، دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے عساکر پاکستان، پولیس کے سپوتوں، شہدائے دین و وطن کی بلندی خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم ترحیم قومی جذبے کیساتھ منایا گیا۔اس موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان لسان تحریک طارق جعفری نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہے دہشت گردی کے باعث ابتک لاکھوں کی تعداد میں شہریوں سمیت پاک فوج،ایف سی،پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اوردیگر سیکورٹی ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں جام شہادت ہوش کرنے والے سیکورٹی اہلکار ہمارے قومی ہیروز ہیں جن کی قربانیاں انشاء اللہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا ء و مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں آج قرآن خوانی اور مجالس تراحیم منعقد ہوئیں اور دہشتگردی کے خلاف آواز احتجاج بلند کی، صوبہ بھر میں یوم ترحیم کے موقع پر خصوصی دعائیہ تقریبات،مجالس تراحیم منعقد میں شہداء کی بلندی درجات، مادر وطن پاکستان کی سربلندی استحکام، دہشت گردی کے خاتمہ اور عالم اسلام کی یکجہتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

