بلوچستان میں تعلیمی زوال حکومتی نااہلی کا نتیجہ، طلباء کے مستقبل سے کھلواڑ بند کیا جائے،جمعیت طلباء اسلام کوئٹہ

کوئٹہ(این این آئی) جمعیت طلباء اسلام ضلع کوئٹہ کے صدر حافظ حبیب الرحمن جنرل سیکرٹری حافظ عابد اللّٰہ حنفی سیکرٹری اطلاعات حافظ اکرام اللّٰہ سیکرٹری مالیات حافظ عبد المنتقم کاکڑ حافظ محمد موسیٰ عبد القاہر رودینی حافظ نبیل احمد حافظ انیس الرحمن جتک اور حافظ طاہر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں تعلیم کی شرح خطرناک حد تک کم ہے جو حکومت کی عدم توجہی اور نااہلی کا واضح ثبوت ہے بیشتر تعلیمی ادارے بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ہزاروں اسکول بند اور لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں جبکہ اساتذہ کی غیر حاضری اور نصاب کے مسائل نے صورتحال کو مزید ابتر بنا دیا ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تعلیمی اداروں کو فعال کرے بجٹ میں تعلیم کو ترجیح دے اور خصوصاً دیہی و پسماندہ علاقوں میں سہولیات فراہم کرے لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے خواتین اساتذہ کی بھرتی اور محفوظ ماحول کی فراہمی بھی وقت کی ضرورت ہے جب تک بلوچستان کے بچے قلم اور کتاب سے جڑ نہیں جاتے صوبے میں ترقی و خوشحالی ممکن نہیں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر صوبے کے تعلیمی بحران پر سنجیدگی سے توجہ دی جائے ورنہ آنے والی نسلیں جہالت اور پسماندگی کے اندھیروں میں دھکیل دی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں