کوئٹہ(این این آئی)ایف آئی اے بلوچستان نے حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے قبضے میں لے لئے۔ ایف آئی اے بلوچستان کے ترجمان نے بتایا کہڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاون جاری جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے نے کوئٹہ اور چمن میں کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3ملزمان علی خان،ہدایت اللہ اور صدام حسین کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے پاکستانی 18لاکھ 26ہزار روپے،چیک بکس،موبائل فون برآمدکرلئے۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم ہدایت اللہ افغانستان سے حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک چلا رہا تھا ملزم سے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی ایکسچینج سے متعلق ڈیجیٹل شواہد بھی برآمدہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

