چیئرمین زبیر بلوچ کا قتل بلوچستان کا اجتماعی نقصان اور تمام سیاسی کارکنان کے لیے گہرا صدمہ ہے’ بلوچستان میں حق و انصاف کا مطالبہ کرنا جرم بنادیا گیا ہے، میر کبیر محمدشہی

کوئٹہ (این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر محمدشہی نے بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار کے سابق چیئرمین زبیر بلوچ کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اندوہناک واقعہ میں بلوچستان کے محکوموں اور مظلوموں کے حقوق کی آواز بلند کرنے والے نوجوان سیاسی رہنماء، انسانی حقوق کے سرگرم کارکن اور آئین، قانون و انصاف کے شعبے سے وابستہ وکیل کو شہید کردیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بلوچستان میں حق و انصاف کے مطالبے کو جرم بنا دیا گیا ہے۔ زبیر بلوچ کا قتل پورے بلوچستان کا اجتماعی نقصان اور تمام سیاسی کارکنان کے لیے ایک نہایت گہرا صدمہ ہے۔ اس ماورائے قانون اقدام کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔ زبیر بلوچ ایک مخلص، باشعور اور باہمت سیاسی کارکن تھے جنہوں نے استقامت کے ساتھ قومی حقوق کے لیے جدوجہد کی اور بطور بی ایس او چیئرمین اور طالبعلم رہنماء ایک متحرک علمی و سیاسی کردار ادا کیا۔ سیاسی کارکنان کا قتل کرکے جمہوری جدوجہد کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔ ایسی کاروائیوں کے نتیجے میں بداعتمادی اور مایوسی میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔ تاہم سیاسی کارکنان نظریاتی استقامت و پختگی اور پرامن جمہوری سیاسی جدوجہد کے زریعے بلوچستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔ زبیر بلوچ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور نیشنل پارٹی اس غم میں ان کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں