بلوچستان کی معدنیات پر ناجائز قبضہ اہل بلوچستان کیلئے ایک چیلنج ہے،جمعیت علماء اسلام کوئٹہ

کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر و سابق صوبائی وزیر مولانا حسین احمد شرودی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی معدنیات پر ناجائز قبضہ اور یہاں کی زمینوں کی بے دریغ غیرقانونی الاٹمنٹ اہل بلوچستان کیلئے ایک چیلنج ہے جو عوام اور حکومت کے درمیان شدید نفرت کا باعث بن سکتی ہے،عوام کی مشکلات کے حل کیلئے جمعیت علماء اسلام نے عملی جدوجہد کاآغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جمعیت کے زیراہتمام 14اکتوبر کوقلعہ سیف اللہ میں صوبائی جمعیت کے زیراہتمام مفتی محمود کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیاگیا ہے جس سے مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر مولانا طاہر توحیدی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔مولانا حسین احمد شرودی نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام پاکستان ملکی سطح کی نمایاں اور منظم دینی سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے قیام سے لیکر آج تک آئینی اور پرامن جدوجہد کے ذریعے اپنے آپ کو سیاسی اور عوامی قوت کے طورپرمنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں عموما ً اور بلوچستان میں خصوصاً جو گھمبیر حالات ہیں جمعیت علماء اسلام کو اسکا احساس ہے ان حالات میں جمعیت گھر بیٹھنے کی بجائے بدامنی اورفتنہ فسادکے سامنے بندھ باندھنے کیلئے کمربستہ ہے۔انہوں نے کہاکہ دیہاتوں کی بات نہیں اب صوبائی داراحکومت کوئٹہ میں بھی موجودہ بدترحالات میں بھی سرکار کی گرفت معدوم ہے جو لوگ بطور حکمران اسکرین پر نظر آتے ہیں وہ بے اختیاراور بے بس ہیں،سیکیورٹی اداروں کو اپنی جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں انکو مخالفین نے دہشت زدہ کردیا ہے نہتے شہری کس سے مدد مانگیں نتیجتاً کوئٹہ کے باہی سہمے ہوئے ہیں بلکہ پورا صوبہ اسی کیفیت کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان نے اپنا سیاسی کرداراداد کرنے کیلئے باہمی مشاورت سے طے کیا ہے کہ ہم نے نہ صرف میدان میں نکلنا ہے بلکہ دیگرسیاسی،سماجی اوردینی جماعتوں کو ساتھ لیکر قوم کو فتنوں کے مقابلے کیلئے منظم و متحد کرنا ہے یہ صرف ایک سیاسی جماعت کے بس کی بات نہیں اس عظیم تر معرکہ کو مل کرہی سر کیا جاسکتا ہے۔ انوں نے کہا کہ بدامنی کے علاقہ مہنگائی،بے روزگاری، توانائی کا بحران، کوئٹہ شہر میں پینے کے پانی کی قلت،منشیات کے ذریعے نوجوان نوسل کی بربادی،فحاشی و عریانی کے خاتمے کیلئے بھی فکر مندی اور عملی اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے زیراہتمام 14اکتوبر کو مفکر اسلام مجاہد ملت حضرت مولانا مفتی محمود کے یوم وصال کی مناسبت سے مفتی محمود کانفرنس کا فیصلہ کیاگیا ہے جو قلعہ سیف اللہ میں صوبائی جماعت کے زیراہتمام منعقد کی جائے گی جس میں مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے اسکے بعد دوسرا بڑا اجتماع خضدار میں ہوگا جس کی تاریخ کوا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں