کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ میں فرنٹیر کورہیڈکوارٹر پر خود کش حملے میں ایف سی اہلکاروں سمیت10شہری شہید جبکہ 30سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ سیکورٹی فورسز نے ایف سی ہیڈکوارٹر میں داخلہ ہونے کی کوشش کرنے والے 4دہشت گردوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کریا۔ سیکورٹی فورسز کے ذرائع نے بتایاکہ منگل کو صبح ساڑھے گیارہ بجے کے قریب دہشت گردوں نے گاڑی میں نصب دھماکہ خیز مواد کے ذریعے ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایف سی اہلکاروں سمیت 10شہری شہید جبکہ 30سے زائد زخمی ہوگئے نعشوں اورزخمیوں کوفوری طورپرسول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا جہاں شعبہ حادثات اور ٹراما سینٹر میں ڈاکٹروں،پیرامیڈیکل اسٹاف اوردیگرعملے نے زخمیوں کوابتدائی طبی امداد د ی جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے ایف سی ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی اہلکاروں نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے 4دہشت گردوں کو ہلاک کردیاایف سی اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ایف سی اہلکاروں کی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 15دستی بم، 3انڈر بیرل گرنیڈ لانچر اور4کلاشنکوفیں قبضے میں لے لی گئیں۔دھماکے کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑیاں، ایک بس، رکشہ اور راہ گیر بھی دھماکے کی زد میں آئے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی لپیٹ میں آنے والی بس میں لوگ سوار تھے جس کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا۔دھماکے کے فوری بعدایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کی ناکہ بندی کرکے علاقے کی کلیئرنس کا عملہ شروع کردیاگیاابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں 25سے 30کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ کئی کلومیٹر دور تک اسکی آواز سنائی دی دھماکے سے اردگرد کی عمارتوں کی کھڑکیوں اوردروازوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعددگاڑیوں اور رکشوں کو بھی نقصان پہنچادھماکے کے بعد لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔دھماکے کی جگہ کے قریب واقع اسکولوں میں بچوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بچے چیخ و پکار کرتے رہے جس کے بعدبچوں کو اسکول سے چھٹی دیدی گئی۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمدکاکڑ نے بتایا کہ شہید ہونے والے میں 2ایف سی اہلکار اور 8شہری شامل ہیں جبکہ 30زخموں کو ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں،پیرامیڈیکل اسٹاف اوردیگر عملے نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

