تربت(این این آئی)صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور احمد بلیدی نے اپنے حلقے کیچ کے علاقے سامی میں گیشکور ڈیم کے مقام کا معائنہ کیا اس موقع پر ایریگیشن احکام نے صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات ظہور احمد بلیدی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گیشکور ڈیم بلوچستان کا ایک میگا ترقیاتی منصوبہ ہے جس کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 95,000 ایکڑ فٹ، لمبائی 1,082 میٹر، اونچائی 55 میٹر اور اسپل وے ڈیزائن ڈسچارج کی گنجائش 12,687 کیومیکس ہے۔ یہ ڈیم بلوچستان کے جنوبی اضلاع کا دوسرا سب سے بڑا ڈیم ہوگا، جو تربت شہر کو روزانہ 17 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم کرے گا اور تقریباً 13 ہزار ایکڑ زرعی رقبہ سیراب کرے گا صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ تاریخی منصوبہ پائیدار آبی وسائل کے انتظام، غذائی تحفظ اور مکران ڈویژن کی سماجی و معاشی ترقی کی بنیاد بنے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ شہری ترقی کو بھی نئی جہت ملے گی اور آئندہ نسلوں کے لیے دیرپا فوائد یقینی ہوں گے۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، وزیراعلیٰ کی مشیر مینا مجید بلوچ، پارلیمانی سیکرٹری/ایم پی ایز میر اصغیر رند اور حاجی برکت رند، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ زاہد سلیم، سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو لال جان جعفر، سیکریٹری صحت مجیب پنیزئی، چیف انجینئر فیڈرل پروجیکٹ ڈاکٹر سجاد بلوچ سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری افسران بھی ان ہمراہ تھے صوبائی وزیر نے ممتاز ماہرِ طبیعیات اور معروف دانشور پروفیسر ڈاکٹر پرویز ہودبھائی کی موجودگی کو اپنے حلقے اور بلوچستان کے لیے اعزاز قرار دیا۔

