کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی اعلامیہ کے مطابق پارٹی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی میر جہانزیب مینگل کی پارٹی رکنیت دو ماہ کیلئے معطل کردی گئی ہے پارٹی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پہلے شوکاز نوٹس کا پارٹی کو تسلی بخش جواب نہ دینے،پارٹی پالیسیوں کی مسلسل خلاف ورزی اور اب جبکہ بلوچستان کے وسائل پر سے بلوچستانی عوام کی حق ملکیت پر دائمی قبضہ کرنے مائنز ایکٹ کو نافذ کرنے اور اب دوبارہ عوام کی آنکھ میں دھول جھونکنے اور نافذالعمل کرنے کیلئے پیش کی گئی ترمیمی قرارداد پر اسمبلی میں پارٹی بیانیہ کو پیش نہ کرنے،ایکٹ کی مخالفت کرنے کی بجائے راہ فرار اختیار کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت نہ کرنے پرمیرجہانزیب مینگل کی پارٹی رکنیت دو ماہ کیلئے معطل کی گئی ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ جو بلوچستانی عوام کے حقوق کو غصب کرنے،آباؤ اجداد کی سرزمین کیلئے دی گئی قربانیوں کو رائیگاں جانے دینے اور وسائل سے دستبردر ہونے کی قرار داد ہے جسے پارٹی باقاعدہ طور پر مسترد کرچکی ہے کیونکہ پارٹی سمجھتی ہے کہ بلوچ پشتون وسائل عوام کی موت و زیست کا مسئلہ ہیں اور اس پر کسی بھی قسم کی کوتاہی،خاموشی ناقابل برداشت ہے بلوچستانی عوام کے حقوق کاتحفظ اور وسائل پر بلوچستانی عوام کی دسترس کوترجیح سمجھتے ہیں۔

