اسلام آباد +کوئٹہ(این این آئی)قائم مقام چیئرمین سینٹ سیدال خان سے ایم صدیق شیخ یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی اور چیئرمین بورڈ اف ڈائریکٹرز کی سربراہی میں وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ قائم مقام چیئرمین سینٹ نے وفد کو خوش آمدید کہا اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری صنعتی اور معاشی ترقی کے لیے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بین الاقوامی سطح پر تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے والے اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک نئے انداز میں ابھرا ہے جس کا اثر مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں پر مثبت انداز میں پڑے گا۔ قائم مقام چیئرمین سینٹ نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارے سفیر ہیں اور ہم ان کی کاوشوں کو تسلیم کرتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ عالمی معیشت تیزی سے بدل رہی ہے اور جہاں مواقع پیدا ہوئے ہیں وہاں چیلنجز کا بھی سامنا ہے تاہم ہماری موثر پالیسیوں اور حکمت عملی کے ذریعے ان چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں اور بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی لے رہے ہیں جو کہ ایک مثبت رجحان ہے۔سیدال خان نے وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے لیے ایسا ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں جہاں کاروبار آسان اور سرمایہ کاری محفوظ ہو اور برآمدات میں مسلسل اضافہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے امریکہ میں مقیم پاکستان کی تاجر برادری کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ان کی بدولت پاکستان عالمی سطح پر معاشی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہاہے۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ ایم صدیق شیخ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں پاکستان کا دورہ کر کے بڑی خوشی ہوئی ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے قائمقام چیئرمین سینٹ کو امریکہ کے دور کی دعوت بھی دی وفد کے رہنما نے کہا کہ پاکستانی جو امریکہ میں مقیم پاکستانی پاکستان سے دلی محبت کرتے ہیں اور پاکستان کی معاشی ترقی میں موثر کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کے ایم پی اے شیخ اعجاز احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے قائم مقام چیئرمین سینٹ سیدال خان کی قیادت کو سراہا انہوں نے کہا کہ سیدال خان ہمارے پرانے ساتھی ہیں اور ہمیشہ انہوں نے پاکستان کی بات کیا اور ہمیں ان کی قیادت پر فخر ہے فیصل آباد چیمبر اف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بارے میں انہوں نے کہا کہ چیمبر کی اپنی ایک تاریخ ہے اور وہاں پر کثیر الجہتی مواقع موجود ہیں جس میں تعاون کے ذریعے ہم عوامی رابطہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے سکتے ہیں انہوں نے وفد کو خوش آمدید کہا اور انہیں فیصل آباد کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ قبل ازیں قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (PRA) کے نومنتخب عہدیداران سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پارلیمانی امور کی کوریج، میڈیا کے مثبت کردار، اور عوامی آگاہی کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ میڈیا جمہوری نظام کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹنگ صحافت کا ایک نہایت اہم اور ذمہ دارانہ شعبہ ہے جو عوام تک قانون سازی اور پالیسی سازی سے متعلق درست معلومات پہنچا کر عوامی شعور میں اضافہ کرتا ہے۔ سیدال خان نے کہا کہ میڈیا عوام اور پالیسی سازوں کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتا ہے، اس کی شفافیت اور مثبت رپورٹنگ سے معاشرے میں اعتماد اور استحکام پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، نجی شعبے اور میڈیا کا باہمی تعاون پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ میڈیا کو چاہئے کہ وہ قومی مفاد، ترقی اور استحکام کے لیے اپنی مثبت روایت کو مزید مضبوط کرے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹنگ سے وابستہ صحافیوں نے ہمیشہ ایک مثبت کردار ادا کیا ہے، ان کی کاوشیں پارلیمان اور عوام کے درمیان موثر رابطے کا ذریعہ ہیں۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری عمل کے ذریعے منتخب ہونے والے یہ نمائندگان واقعی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت اپنی مثبت روایت کو جاری رکھے گی اور صحافت کے اعلیٰ معیار کو مزید فروغ دے گی۔ موجودہ حالات کا ذکر کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینٹ نے کہا کہ اس وقت ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے اور ہمیں اختلافات کو پس پشت ڈال کر آگے بڑھنا ہوگا اور مسائل پر قابو پانے کے لیے مل کر کوشش کرنی ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ایوان بالا فیڈریشن کا ایک اہم نمائندہ ایوان ہے اور یہاں چاروں صوبوں کو برابر کی بنیاد پر نمائندگی دی گئی ہے۔ اس اہم فورم کے ذریعے ہم ملک کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر ایک مشترکہ حکمت عملی اختیار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر وزیراعظم کے دورہ امریکہ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس اہم دور میں اہم ملاقاتیں ہوئیں اور عالمی رہنماؤں سے تبادلہ خیال ہوا اور پاکستان کا موقف موثر انداز میں اجاگر کرنے کا موقع ملا۔ پی آر اے کے نو منتخب صدر ایم بی سومرو اور سیکرٹری جنرل نوید اکبر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا انہوں نے قائم مقام چیئرمین سینٹ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں عمرے کی مبارکباد بھی دی انہوں نے کہا کہ اس وقت میڈیا ورکرز کو مسائل درپیش ہیں اور ان کے حل کے لیے قانون سازی کی جائے تاکہ میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ ممکن ہو سکے۔

