گلگت(پ ر)پاکستان بیت المال کی طرف سے ملازمین کے مسائل اور جاری منصوبوں کے حوالے سے کھلا دربار کا انعقاد کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال جناب کیپٹین ریٹائرڈ خالد شاہین بٹ کے احکامات کی روشنی میں ادارے کے جملہ ملازمین کے مسائل اور جاری منصوبوں کے حوالے سے کھلے دربار کا انعقاد کیا گیا۔ دربار میں پاکستان بھر سے بیت المال کے صوبائی ڈائیریکٹرز اور تمام ملازمین نے شرکت کی۔ دربار سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی بیت المال نے ادارے کی بہترین کارکردگی میں ملازمین کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے ملازمین کیلئے کارکردگی کی بنیاد پر اعزازیہ کا اعلان کیا۔ جاری منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو ممکن حد تک دور کرنے اور حق کو پوری طرح حقدار تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کا وعدہ کیا۔ دربار کے انعقاد کا مقصد واضح کرتے ہوئے ایم ڈی شاہین بٹ نے کہا کہ بیت المال سے جڑے ہوئے تمام ملازمین کو یہ موقع دینا تھا کہ وہ براہ راست اپنے شکایات مسائل اور ان کے ممکنہ حل کے بارے میں ادارے کے اعلی ذمہ داران سے آمنے سامنے بات کر سکے۔ ایم ڈی بیت المال نے اپنے مختصر خطاب کے بعد تمام صوبوں کے ڈائریکٹرز اور ملازمین کو سوالات کا موقع دیا اور ان سوالوں کے تسلی بخش جوابات بھی دیے۔ آخر میں ملازمین نے ایم ڈی کی طرف سے ادارے کی بہتری کیلے اٹھائے گئے اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور اعزازیے کے اعلان پر خوشی اور شکریہ ادا کیا۔

