پشاور (این این آئی)خیبر پختونخوا کے علاقے باڑہ بازار میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے جلسے کے دوران ہنگامہ آرائی ہوئی، مسلح افراد کی ہوائی فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کے مطابق جلسے کے دوران اے این پی کے کارکنوں اور مخالفین میں ہاتھا پائی ہوئی، ایک دوسرے پر تشدد کیا گیا، ہاتھا پائی سے متعدد کارکنان زخمی ہوگئے۔جلسے کے دوران مخالفین کی آمد اور نعرے لگانے پر کشیدگی ہوئی، مسلح افراد کی ہوائی فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔پولیس کی اضافی نفری پہنچی، اہلکاروں کی ہوائی فائرنگ سے لوگ منتشر ہوگئے۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا کہ خیبر باڑہ میں اے این پی کے پر امن احتجاج پر پی ٹی آئی کارکنان کا حملہ قابل مذمت ہے۔میاں افتخار نے کہا کہ اے این پی ذاتی مفاد نہیں، تیراہ متاثرین کے مسائل کے حل کیلئے احتجاج کر رہی تھی، احتجاج ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے، طاقت کے ذریعے ہمیں دبایا نہیں جا سکتا، صوبائی حکومت چاہتی ہے دیگر سیاسی جماعتیں، عوام ان کی طرح سنگین مسائل پر چشم پوشی کریں۔میاں افتخار نے کہا کہ پرامن احتجاج پر پی ٹی آئی ذمہ داران اور کارکنان کی براہ راست فائرنگ نہایت تشویشناک ہے، اے این پی کے ذمہ داران اور کارکنوں نے عدم تشدد کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، مطالبہ کرتے ہیں ایف آئی آرز پرامن احتجاج پر حملہ کرنے والوں کے خلاف درج کی جائیں۔

