اسلام آباد+کوئٹہ(این این آئی)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان اکثر اپنے قیمتی معدنیات، سی پیک منصوبہ یا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کے بعد سرخیوں میں رہتا ہے لیکن آج پہلی مرتبہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلوچستان کو خصوصی طور پر سیاحت اور ثقافتی نقطہ نظر سے ملک بھر میں نمائش کیلئے پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ واقعی ایک قابل تعریف کاوش ہے۔ کامیاب فیسٹیول کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لوک ورثہ اسلام آباد میں محکمہ سیاحت و ثقافت کے زیر اہتمام تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورازم فیسٹیول کے مثبت اور تعمیری نتائج برآمد ہوں گے اور بین الاقوامی سطح پر بلوچستان کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے کیلئے نئی راہیں متعین ہو جائیں گئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوک ورثہ اسلام آباد میں محکمہ سیاحت و ثقافت کے زیر اہتمام تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورازم فیسٹیول کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زرین مگسی, پارلیمانی سیکرٹری برائے یوتھ افیئرز نوابزادہ جمال رئیسانی اور ڈائریکٹر کلچر داود ترین سمیت ہنرمندوں، فنکاروں اور گلوکاروں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ شرکاء سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس گرینڈ فیسٹیول میں مقامی ہنرمندوں، فنکاروں اور گلوکاروں کو بھی مشغول رکھے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں تصویری نمائش، دستکاری، موسیقی، اور ثقافتی زندگی اچھی طرح سے پبلسٹی حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا منظرنامہ ناقابل یقین حد تک متنوع ہے۔ صحرا سے لیکر ساحلی پٹی تک، بلند و بالا پہاڑوں سے لیکر شاندار نیلے پانی کے ساحل تک، قدیم تہذیبوں سے لیکر شاندار قومی اقدار و روایات تک موجود ہیں۔ گورنر مندوخیل نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں سیاحت اور ثقافت کو فروغ دینے سے نہ صرف سرمایہ کاری آئیگی بلکہ مقامی سطح پر معیشت کو بھی نمایاں طور پر تقویت ملے گی۔ گورنر بلوچستان نے منتظمین کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ ایسے شاندار پروگرام کے انعقاد کے حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ بعدازاں گورنربلوچستان مقامی فنکاروں اور گلوکاروں سے ملے اور فیسٹیول میں تصویری نمائش، دستکاری، موسیقی اور دیگر رکھے گئے ثقافتی آئٹمز میں ذاتی دلچسپی لی۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے گرینڈ فیسٹیول کے منتظمین، آرٹسٹوں اور مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیے۔

