ماہِ مبارک رحمت، مغفرت،بخشش کا مہینہ،ہمیں صبر، ایثار، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کا درس دیتا ہے،ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر

کوئٹہ+اسلام آباد(این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ ماہِ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور بخشش کا مقدس مہینہ ہے، جو ہمیں صبر، ایثار، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کا درس دیتا ہے۔یہ بات انہوں نے پارلیمنٹیرینز، ملک کی ممتاز اور بااثر شخصیات، معروف تاجروں، سرمایہ کاروں اور مختلف چیمبرز آف کامرس کے نمائندگان کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر دیئے گئے افطار و ڈنر کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی افطار و ڈنر میں سینیٹر افنان اللہ خان، سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان، سینیٹر عبدالشکور خان، پختون خواہ نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین و ممبر قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ، سابق ممبر صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے،سمیت دیگر معزز پارلیمنٹیرینز، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور چیمبرز کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔افطار ڈنر کی اس روح پرور تقریب میں ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور دفاع کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی اتحاد، باہمی مشاورت اور مثبت مکالمے کے ذریعے پاکستان کو معاشی و سماجی طور پر مزید مستحکم بنایا جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ ماہِ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور بخشش کا مقدس مہینہ ہے، جو ہمیں صبر، ایثار، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے اور ہم سب پر اپنی خصوصی رحمتوں اور برکتوں کا سایہ فرمائے۔تقریب میں شریک پارلیمنٹیرینز اور دیگر معزز شخصیات نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ایوانِ بالا میں ان کے فعال اور مؤثر کردار کو سراہا۔ خصوصاً صوبہ بلوچستان کے عوام کی بھرپور اور توانا آواز بلند کرنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ ان کی قیادت میں باہمی روابط اور قومی یکجہتی کو فروغ مل رہا ہے۔افطار ڈنر کی تقریب خوشگوار اور باوقار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں قومی ہم آہنگی، ترقی اور استحکام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں