رات کی تاریکی میں افغان طالبان رجیم کے پاکستانی چوکیوں پر حملے شرمناک،بزدلانہ فعل ہے، سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ رات کی تاریکی میں افغان طالبان رجیم کے پاکستانی چوکیوں پر حملے انتہائی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے افغانستان کی طرف سے حملوں کا بھرپور جواب دینے پر افواجِ پاکستان خراج تحسین کی مستحق ہے، پاکستان ہمسایوں سمیت دنیا میں پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے لیکن اپنے دفاع، سلامتی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سردارسربلند جوگیزئی نے افغانستان میں شدت پسند عناصر کے ٹھکانوں پر کامیاب کارروائی پر پاک فضائیہ اور افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”آپریشن غضب اللحق“کے تحت دہشتگردوں کے خلاف موثر اور بروقت کارروائی سے پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط پیغام ملا ہے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان بھارت کی پراکسی بن چکا ہے اور خطے کے امن کو غیر مستحکم کر رہا ہے اور افغانستان بھارت کی ایما پر پاکستان کیخلاف دہشت گرد کارروائیاں کر رہا ہے رات کی تاریکی میں پاکستانی چوکیوں پرحملے انتہائی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے، لیکن پاک افواج کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گاطالبان رجیم نے پاکستان پر حملہ کر کے محسن کشی کی ہیہماری مسلح افواج نے بھارتی پراکسی کو ناکوں چنے چبوا دئیے،افغان طالبان کو اندازہ نہیں کہ انہوں نے کس قوم کو للکارا ہے،ابھی وقت ہے افغانستان بھارتی پراکسی کے طور پر کام کرنا بند کر دے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے مسلح افواج کی پشت پر سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے،پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان کے دفاع کیلئے اپنی فوج کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا طالبان رجیم پر دباؤ ڈالے کہ وہ سرحد پار دہشتگردی اور غیر قانونی نقل و حرکت جیسے اقدامات کو ختم کرے تاکہ اس کے منفی اثرات ہمسایوں پر نہ پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع، خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے متحد اور پرعزم ہے اور کسی بھی اشتعال انگیزی اور جارحیت کااسی طرح جواب دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں