کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس منگل کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری محنت نیاز احمد نیچاری، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، ایم ڈی بی ٹیوٹا طارق جاوید مینگل، کنسلٹنٹ فرم کے نمائندے اور متعلقہ محکموں کے حکام شریک ہوئے اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو پروگرام کی موجودہ پیش رفت، ریکروٹمنٹ کے عمل اور بیرونِ ملک نوجوانوں کی تعیناتی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے یوتھ اسکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت بیرون ملک بھجوائے جانے والے نوجوانوں کی کم تعداد اور پروگرام کی سست رفتاری پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے، اس میں کسی قسم کی تاخیر ناقابلِ قبول ہے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ریکروٹمنٹ کے عمل کو فوری طور پر تیز کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ تربیت یافتہ نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پروگرام کے تحت ریکروٹمنٹ اور ٹریننگ کے عمل کی شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے عالمی اور قومی سطح کی قابلِ اعتماد دیگر فرمز اور کنسلٹنٹس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بی ٹیوٹااور موجودہ کنسلٹنٹ فرمز کی مجموعی کارکردگی پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان اداروں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور پروگرام کی رفتار میں نمایاں تیزی لانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر روزگار کے قابل بنانے کے لیے بھرپور عزم رکھتی ہے کیونکہ ہنر مند نوجوان ہی صوبے اور ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یوتھ اسکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کا مقصد صرف بیرونِ ملک روزگار فراہم کرنا نہیں بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید تربیت، خود اعتمادی اور معاشی خودمختاری سے آراستہ کرنا ہے انہوں نے متعلقہ محکموں کو واضح ہدایت دی کہ ہر رکاوٹ کو فوری طور پر دور کیا جائے اور آئندہ اجلاس میں عملی پیش رفت کے قابلِ پیمائش نتائج پیش کیے جائیں۔

