لاہور (این این آئی)الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن غزہ ریلیف سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لئے قاہرہ چلے گئے۔ روانگی سے قبل ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد غزہ کے لاکھوں متاثرہ فلسطینیوں کی بحالی کیلئے جامع منصوبہ بندی ناگزیر ہے، اسی مقصد کیلئے قاہرہ کا دورہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قاہرہ میں ریڈکریسنٹ مصر، پاکستانی سفارت خانے اور بین الاقوامی شراکت دار اداروں سے ملاقاتوں میں جاری اور مستقبل کے ریلیف و بحالی منصوبوں پر بات چیت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن اب تک غزہ کے 361میڈیکل اور نان میڈیکل طلبہ کی پاکستان میں میزبانی کر چکی ہے جن میں سے 49طلبہ اپنی تعلیم مکمل کر چکے ہیں۔
حالیہ دورے کے دوران فلسطینی سٹوڈنٹس اور تعلیمی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں تاکہ مزید طلبہ کو اکیڈمک اسکالرشپ کے تحت پاکستان لاکر ان کی مکمل کفالت کی جائے۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ جنگ بندی کے بعد 6 ہزار فلسطینیوں کیلئے ایک ماہ کے فوڈ پیکجز کی تیاری بھی جاری ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ الخدمت فائونڈیشن غزہ متاثرین کیلئے امدادی و بحالی سرگرمیوں کا سلسلہ ہر قیمت پر جاری رکھے گی۔

