سردی میں غیر اعلانیہ گیس لوڈشیڈنگ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، ترجمان ایم ٹی ٹی پی

کوئٹہ (این این آئی) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ موسم میں ہلکی سی خنکی کے ساتھ ہی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر کی کمی اور گیس لوڈشیڈنگ کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار، گیس لوڈشیڈنگ پہلے سے ہی رات 10 بجے سے صبح 7 بجے تک جاری تھی، مگر اب اس کے علاوہ بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جو عوام کے ساتھ زیادتی اور سراسر ناانصافی ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہی۔ کاشف حیدری نے کہا کہ گیس پریشر میں شدید کمی کے باعث گھروں میں چولہے جلانا ممکن نہیں رہتا، خواتین گھنٹوں انتظار کے باوجود کھانا نہیں پکا پاتیں، بچے ناشتہ کیے بغیر اسکول جانے پر مجبور ہیں، جبکہ بزرگ اور بیمار افراد سرد موسم میں سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ شہری مہنگے بلوں کی ادائیگی کے باوجود گیس سے محروم ہیں، جس سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس پریشر کی کمی اور غیر اعلانیہ بندش کے باعث گھروں میں سلنڈر پھٹنے اور چولہے میں دھماکوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں جن میں کئی لوگ جھلس کر زخمی ہو چکے ہیں، مگر متعلقہ ادارے اب تک کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھا سکے۔ کاشف حیدری نے کہا کہ ہر سال سردیوں کے آغاز پر یہی بحران پیدا ہوتا ہے مگر حکومت اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے ذمہ داران محض بیانات تک محدود رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو سردی بڑھنے کے ساتھ عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ کاشف حیدری نے وزیراعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ گیس پریشر کی بہتری اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں