نصیرآباد(این این آئی)حکومتِ بلوچستان کی ہدایت پر محکمہ صنعت و تجارت کی جانب سے بغیر این او سی کے بلوچستان میں چینی کی نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چینی ڈیلرز مروجہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر چینی بلوچستان منتقل کر رہے ہیں جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد نے تمام متعلقہ اداروں کو واضح ہدایت کی ہے کہ دوسرے صوبوں سے چینی کی آمد و رفت کی کڑی نگرانی کی جائے اور کسی بھی گاڑی کو محکمہ صنعت و تجارت حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ درست این او سی کے بغیر صوبے میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور چیک پوسٹوں پر تعینات عملہ چینی سے لدی گاڑیوں کی مکمل جانچ پڑتال کرے تاکہ اسمگلنگ یا غیر قانونی سپلائی کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سیسپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو بھی تحریری طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع جعفرآباد کی تمام چیک پوسٹوں پر موجود اہلکاروں کو سختی سے پابند کیا جائے کہ وہ محکمہ صنعت و تجارت کے این او سی کے بغیر کسی گاڑی کو بلوچستان میں داخل نہ ہونے دیں۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتظامیہ نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدہ اور ہنگامی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے تمام اداروں کو مکمل تعاون اور رپورٹنگ کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ حکومتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

