محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت پیرول اینڈ پروبیشن مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح

پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید مروت نے منگل کے روز محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے کانفرنس روم میں پیرول اینڈ پروبیشن مینجمنٹ سسٹم (PPMS) اور پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم (PMS) کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اکرام اللہ خان، ڈائریکٹر پروبیشن اینڈ ریکلیمیشن فاروق، چائلڈ سیفٹی نمائندہ آفتاب، خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندے سعد جاوید اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجو د تھے۔اس موقع پر معاونِ خصوصی طارق سعید مروت نے کہا کہ محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت پیرول اور پروبیشن کے نظام کو جدید، شفاف اور ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پی پی ایم ایس اور پی ایم ایسکا افتتاح اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پیرول اینڈ پروبیشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے کیسز کا ریکارڈ، قیدیوں کی تفصیلات، عدالتی احکامات، رہائی کے ریکارڈ اور مقدمات کی پیش رفت ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دستیاب ہو ں گی، جس سے نگرانی اور بروقت فالو اَپ کا نظام مزید مؤثر ہوگا۔طارق سعید مروت نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پیرول اور پروبیشن پر رہائی کے اہل قیدیوں کی نشاندہی کے لیے ایک منظم اور شفاف ڈیجیٹل طریقہ کار قائم کیا جائے، تاکہ متعلقہ ریکارڈ تک بروقت رسائی حاصل ہو اور فیصلوں کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے پیرول اور پروبیشن افسران کی کارکردگی اور خدمات کی فراہمی کی باقاعدہ نگرانی ممکن ہوگی۔ ڈیٹا کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لینے سے انتظامی خامیوں، کام کے دباؤ اور تربیت کی ضروریات کی نشاندہی میں بھی مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ یہ دونوں سسٹمز ڈائریکٹوریٹ آف ریکلیمیشن اینڈ پروبیشن نے محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت جسٹس پریزم کے تعاون سے تیار کیے ہیں، جبکہ اس منصوبے کے لیے خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (KPITB) کا تعاون بھی حاصل ہے۔پیرول اینڈ پروبیشن مینجمنٹ سسٹم کیسز سے متعلق معلومات کے اندراج، اہلیت کے تعین کے لیے ریکارڈ کی نشاندہی، مقدمات کی پیش رفت کی نگرانی اور بروقت فالو اَپ کے لیے مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ سسٹم میں کیس اسٹیٹس ٹریکنگ، الرٹس، رپورٹس، صارفین کا انتظام، ذمہ داریوں کی تقسیم، قیدیوں کی تفصیلات، عدالتی احکامات اور رہائی کے ریکارڈ کو مربوط کرنے کی سہولیات شامل ہیں۔پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے پیرول اور پروبیشن افسران کی کارکردگی اور خدمات کی فراہمی کی نگرانی کے لیے ایک منظم فریم ورک متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ نظام ڈیٹا کی بنیاد پر باقاعدہ مانیٹرنگ، شفاف کارکردگی کے جائزے اور انتظامی ضروریات کی نشاندہی میں معاون ثابت ہوگا۔ سسٹم کے نمونہ ڈیش بورڈ کے مطابق پیرول اینڈ پروبیشن مینجمنٹ سسٹم میں مجموعی طور پر 12,163 قیدیوں کا ریکارڈ موجود ہے، جن میں 8,924 زیرِ سماعت جبکہ 3,239 سزا یافتہ قیدی شامل ہیں۔ اسی طرح پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کے ڈیش بورڈ پر 450 فعال پروبیشنرز کا ڈیٹا موجود ہے، جبکہ رپورٹس، جائزوں اور منظوریوں سے متعلق دیگر اعشاریے بھی شامل ہیں۔معاونِ خصوصی طارق سعید مروت نے مزید کہا کہ ان ڈیجیٹل اصلاحات کا مقصد صرف ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنا نہیں بلکہ پیرول اور پروبیشن کے پورے نظام میں شفافیت، جوابدہی، مؤثر نگرانی اور بہتر سروس ڈلیوری کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ”دستی ریکارڈ پر انحصار کم ہونے سے متعلقہ معلومات تک رسائی آسان ہوگی، فالو اَپ کا نظام مضبوط ہوگا اور انتظامی فیصلوں کے لیے بروقت اور منظم ڈیٹا دستیاب ہوگا۔ مستقبل میں یہ نظام وسیع تر نظامِ انصاف کے ساتھ ڈیجیٹل انضمام کی بنیاد بھی فراہم کرے گا۔معاونِ خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومت ادارہ جاتی جدیدکاری اور بہتر طرزِ حکمرانی کے ذریعے عوامی خدمات کے نظام کو مزید مؤثر بنانا چاہتی ہے، پیرول اور پروبیشن کے شعبے میں یہ ڈیجیٹل اصلاحات شفافیت، کارکردگی، جوابدہی اور باہمی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں