کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے ملائیشیا کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کی اہلیہ ڈاکٹر سیتی حسمہ محمد علی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں سیدال خان ناصر نے ڈاکٹر مہاتیر محمد اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ نے اپنی زندگی انسانی خدمت اور معاشرتی بہبود کے لیے وقف کیے رکھی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ڈاکٹر سیتی حسمہ محمد علی نے طب اور صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے کے ساتھ خواتین اور عوامی بہبود کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات ان کی شخصیت کے مثبت اور قابلِ قدر پہلو کی عکاس ہیں جنہیں قدر و احترام سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ ڈاکٹر سیتی حسمہ محمد علی کہ انتقال سے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ ان تمام حلقوں کے لیے بھی ایک بڑا نقصان ہے جنہوں نے ان کی خدمات اور انسانی ہمدردی کو قریب سے دیکھا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ڈاکٹر مہاتیر محمد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی پارلیمان اور عوام ملائیشیا کے عوام اور سابق وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔سیدال خان ناصر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ ڈاکٹر سیتی حسمہ محمد علی کی مغفرت فرمائے، انہیں اپنی رحمت میں جگہ عطا کرے اور ڈاکٹر مہاتیر محمد سمیت تمام اہلِ خانہ کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

