حب میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر نیشنل پارٹی ضلع حب کے صدر حاجی عبدالغنی رند کا اظہارِ تشویش

حب(رپورٹر) نیشنل پارٹی ضلع حب کے صدر، کونسلر میونسپل کارپوریشن حب حاجی عبدالغنی رند نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حب شہر اس وقت بدامنی، لاقانونیت اور خوف کے سائے میں گھرا ہوا ہے۔ شہر بھر میں چوری، ڈکیتی، موبائل چھیننے اور راہزنی کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں، جبکہ پولیس عوام کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ اب جرائم پیشہ عناصر کو نہ دن کا خوف ہے نہ رات کا۔ دن دیہاڑے مسلح ڈکیتیاں ہو رہی ہیں، شہریوں سے گن پوائنٹ پر نقدی اور موبائل چھینے جا رہے ہیں، جبکہ گھروں میں چوریاں عام ہو گئی ہیں۔ چند روز قبل علاقے کے ایک کونسلر کے گھر کو چوروں نے لوٹ لیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اب کوئی بھی محفوظ نہیں۔
حاجی عبدالغنی رند نے کہا کہ حب کے دکاندار اور تاجر برادری خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ مارکیٹوں، گلی محلوں اور آبادیوں میں لاقانونیت عروج پر ہے اور پولیس صرف رسمی کارروائیوں میں مصروف نظر آتی ہے۔ گشت نہ ہونے کے برابر ہے، مجرم کھلے عام گھوم رہے ہیں، اور شریف شہری اپنے گھروں میں بھی غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی نااہلی اور غفلت نے عوامی اعتماد کو مکمل طور پر مجروح کر دیا ہے۔ متعدد متاثرہ شہریوں نے بتایا ہے کہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کرانے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پولیس کا رویہ عوام دوست ہونے کے بجائے بےحسی پر مبنی ہے۔
نیشنل پارٹی ضلع حب کے صدر نے حکومتِ بلوچستان، آئی جی پولیس بلوچستان، کمشنر قلات ڈویژن اور ڈی سی حب سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر حالات پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں حاجی عبدالغنی رند نے خبردار کیا کہ اگر حکومت اور پولیس انتظامیہ نے فوری طور پر صورتحال کو بہتر نہ کیا تو نیشنل پارٹی عوام کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ “حب کے عوام اب مزید خوف اور ظلم برداشت نہیں کریں گے۔ امن و امان بحال کرنا ریاست اور اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔”
آخر میں انہوں نے کہا کہ حب بلوچستان کا ایک صنعتی شہر ہے، یہاں سے روزانہ سینکڑوں مزدور اور تاجر روزی کمانے نکلتے ہیں۔ اگر یہی حالات رہے تو سرمایہ کاری رک جائے گی، روزگار کے مواقع ختم ہوں گے اور عوام مزید بدحالی کا شکار ہوں گے۔
انہوں نے حکومتِ بلوچستان سے اپیل کی کہ حب میں فوری طور پر امن و امان کی بحالی کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو تحفظ کا احساس دوبارہ مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں