جمعیت علمائے اسلام حب کا تربیتی کنونشن، کارکنوں کو اتحاد و نظم کا پیغام

لسبیلہ(بیوروچیف)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر و امیر ضلع حب شیخ الحدیث حضرت مولانا غلام قادر قاسمی نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ایک نظریاتی تحریک ہے جو اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام اور امت کی دینی و فکری رہنمائی کے لیے کوشاں ہے ۔ کارکنانِ جمعیت ہمارا اصل سرمایہ ہیں جنہیں چاہیے کہ وہ اخلاق کردار نظم و ضبط اور دینی بصیرت کے ساتھ اپنے مشن کو آگے بڑھائیں ۔ اجتماعیت میں برکت ہے اسی لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اخلاص اور خدمت کے جذبے کو مزید مضبوط کرنا ہوگا ۔ ہر کارکن کو اپنے قول و عمل سے دین کی نمائندگی کرنی چاہیے تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی آئے ۔ جبکہ جمعیت علمائے اسلام ضلع حب کے جنرل سیکرٹری مولانا شاہ محمد صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کارکنانِ جمعیت اپنی قیادت کے فیصلوں پر اعتماد رکھیں اور تنظیمی نظم کو ہمیشہ مقدم جانیں ۔ ہمارا ہر قدم امت کے اتحاد اور اسلامی نظریے کے فروغ کے لیے ہونا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلا تفریق انسانیت کی خدمت جمعیت علمائے اسلام کا نصب العین ہے مگر موجودہ ظالمانہ نظام نے ملک کے وسائل پر قابض استحصالی قوتوں کو جنم دیا ہے ۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ان قوتوں سے نجات حاصل کر کے قوم کے وسائل کو عوام پر خرچ کیا جائے ۔ علماء کرام کو حجروں سے نکل کر میدان میں آنا ہوگا تاکہ قوم میں اپنے حقوق کے لیے بیداری پیدا ہو ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام تحصیل سونمیانی وندر کے ماتحت سائیں عبدالصمد ہالیجوی یونٹ ابراہیم کالونی وندر کی زیر نگرانی منعقدہ تربیتی کنونشن میں کہی جس میں جمعیت کے قائدین سمیت سینکڑوں کارکنان نے بھرپور شرکت کی ۔اس موقع پر تحصیل امیر مفتی امین اللّٰہ بنوری ، سرپرست فقیر سکندر علی انگاریہ ، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری مفتی کفایت اللّٰہ ، تحصیل حب کے امیر مفتی عبدالولی ، مولانا محمد عمر عادل ، مولانا محمد وفا ، مولانا آغا عبدالرحمن شاہ ، عطاء اللّٰہ آچرہ و دیگر اکابرین نے بھی خطاب کیا اور کارکنان کو تنظیمی و نظریاتی رہنمائی فراہم کی ۔ ضلعی قائدین کے ہمراہ حب سے آنے والے ضلعی سالار ثنا اللّٰہ لانگو ، ضلعی معاون ناظم مالیات امیر محمد کاکڑ ، ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت اللّٰہ اور وڈیرہ ولی محمد بھی کنونشن میں شریک تھے ۔ کنونشن کے اختتام پر شرکاء نے عزم کیا کہ جمعیت علمائے اسلام کے پیغام کو گھر گھر پہنچایا جائے گا اور دعوت و اصلاح کے سفر کو مزید منظم کیا جائے گا ۔ اس موقع پر کارکنانِ جمعیت کے لیے خصوصی ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا

اپنا تبصرہ بھیجیں