بلوچستان میں اقلیتوں کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے“پیپلز مینارٹی کارڈ”کے اجراء کا فیصلہ

کوئٹہ(این این آئی) حکومت بلوچستان نے صوبے کی اقلیتی برادری کی سماجی و معاشی ترقی، فلاح و بہبود اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے“پیپلز مینارٹی کارڈ”کے اجراء کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں کیا گیا، جس میں اقلیتوں کی خود انحصاری، تعلیم، صحت اور روزگار سے متعلق اہم منصوبہ جات پر غور و خوض کے بعد متعدد اصلاحاتی اقدامات کی منظوری دی گئی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان تمام مذہبی برادریوں کے درمیان ہم آہنگی اور مساوات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ پیپلز مینارٹی کارڈ کا اجرا اسی وڑن کی ایک اہم کڑی ہے جو اقلیتی برادری کو تعلیم، صحت، کاروبار اور روزگار کے شعبوں میں آسان رسائی فراہم کرے گا انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پروگرام کے مؤثر نفاذ کے لیے رواں مالی سال مینارٹی انڈومنٹ فنڈ کے تحت 50 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جبکہ آئندہ مالی سال اس فنڈ کا حجم بڑھا کر ایک ارب روپے کر دیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پروگرام کے تحت اقلیتی برادری کے نوجوانوں کے لیے خصوصی تربیتی کورسز، مالی معاونت، اور خود روزگاری کے منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ وہ معاشی طور پر مستحکم ہو کر صوبے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ مینارٹی انڈومنٹ فنڈ کے شفاف، مؤثر اور ڈیجیٹل انتظام کو یقینی بنانے کے لیے جدید مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے جو وسائل کے درست استعمال اور شفاف تقسیم کو یقینی بنائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اقلیتی رہنماؤں، مذہبی نمائندوں اور سول سوسائٹی کی مشاورت سے پیپلز مینارٹی کارڈ پروگرام کی تفصیلات کو حتمی شکل دے رہی ہے تاکہ یہ منصوبہ اقلیتی برادری کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ ہو، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پیپلز مینارٹی کارڈ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور سماجی مساوات کے فروغ کا عملی مظہر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی خوشحالی دراصل بلوچستان کی اجتماعی ترقی کی ضامن ہے اور حکومت اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سنجے کمار، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ بابر خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں