لاہور (این این آئی)چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو و رکن صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں منعقدہ بریسٹ کینسر اسکریننگ ڈرائیو میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اسکریننگ ڈرائیو کا انعقاد فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی جانب سے کیا گیا، جس میں بریسٹ کینسر اور اسکریننگ کی اہمیت سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے چیئرپرسن سارہ احمد کو ڈرائیو کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے بریسٹ کینسر اسکریننگ ڈرائیو کا جائزہ لیا اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ انہوں نے موقع پر میموگرافی ٹیسٹ بھی کروایا۔چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی قیادت اور میڈیکل ٹیمیں خواتین کی صحت و بہبود کے لیے قابلِ تعریف خدمات انجام دے رہی ہیں۔ حکومتِ پنجاب کی جانب سے خواتین کی صحت کے حوالے سے کیے گئے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ بریسٹ کینسر صرف ایک طبی مسئلہ نہیں بلکہ ایک سماجی ذمہ داری بھی ہے۔ یہ مرض دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے، اس کی روک تھام، بروقت تشخیص اور علاج کے بارے میں آگاہی نہایت ضروری ہے۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے بریسٹ کینسر کی تشخیص کے لیے جدید ترین اسکریننگ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اسکریننگ ڈرائیو کی بدولت بروقت تشخیص ممکن ہو رہی ہے جس سے علاج کی کامیابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس موقع پر چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ، پروفیسر ڈاکٹر ماہ جبین مسعود، پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر، ڈاکٹر وردہ اشرف، ڈاکٹر شمسہ ہمایوں اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

