کویت سے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کیلئے 25 ملین ڈالرز قرض کا معاہدہ اہمیت کا حامل ہے،سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان طویل عرصے سے پانی اور توانائی سے متعلق مسائل کا سامنا کر رہا ہے پانی کی کم یابی اور زیادتی دونوں مسائل پیدا کرتے ہیں پانی زراعت اور توانائی کے شعبوں کے لئے انتہائی کلیدی حیثیت رکھتا ہے پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اس کی صنعتوں کا بڑا حصہ زراعت پر انحصار کرتا ہے اس لئے زرعی اور صنعتی شعبوں کے لئے توانائی کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا دوسری جانب مون سون سیزن میں ملک بھر میں سیلاب خوفناک تباہی مچا دیتے ہیں ملک بھر میں واٹر مینجمنٹ پر بھر پور کام کرنے کی اشد ضرورت ہے پاکستان کو توانائی اور واٹر مینجمنٹ کے لئے اپنی اگلے 50 برس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے بنانے چاہئیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادرنے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑے بڑے گلیشئرز تیزی سے پگھلنے لگتے ہیں اور پانی کی مقدار اور رفتار میں خوفناک اضافہ ہو جاتا ہے جو سیلاب کی صورت اختیار کر لیتا ہے اور اس سیلاب کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر اور ہزاروں جاں بحق ہو جاتے ہیں اس سیلاب سے دسیوں ارب ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے جس سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے پاکستان نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کی تکمیل کیلئے کویت سے 25 ملین ڈالر قرض پروگرام پر دستخط کئے ہیں جو کہ پانی اور توانائی کے منصوبوں پر کام کرنے کے حوالے سے انتہائی اہم ہے یہ رعایتی فنانسنگ پاکستان اور کویت کے برادرانہ تعلقات اور دیرینہ شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے یہ منصوبہ نہ صرف پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا بلکہ صاف توانائی بھی پیدا کرے گا، یہ منصوبہ پشاور شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی میں مدد بھی دے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں