کوئٹہ(این این آئی) صوبائی وزیرِ صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے سپنی روڈ کوئٹہ پر زیرِ تعمیر ٹراما سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری صحت شہک بلوچ، سی اینڈ ڈبلیو (C&W) کے افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران صوبائی وزیرِ صحت نے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد از جلد، اعلیٰ معیار اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جدید اور بروقت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ نے اس موقع پر کہا کہ ٹراما سینٹر کی تکمیل سے نہ صرف کوئٹہ بلکہ پورے بلوچستان میں حادثات اور ایمرجنسی کیسز کے فوری علاج میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے اصلاحات اور بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کو معیاری، قابلِ اعتماد اور بین الاقوامی معیار کی صحت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ٹراما سینٹر کا قیام حکومت بلوچستان کی جانب سے صحت کے شعبے میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا جو صوبے کے عوام کو جدید ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

