گوادر،پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششیں جاری

گوادر(این این آئی)حکومتِ بلوچستان کی ہدایات پر ضلع گوادر میں پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔ مختلف ذرائع سے شہر اور گردونواح کے علاقوں کو ہنگامی بنیادوں پر پانی کی سپلائی فراہم کی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق، گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کی جانب سے شادی کور ڈیم سے پائپ لائن کے ذریعے 14 لاکھ 60 ہزار گیلن پانی ایئرپورٹ پمپنگ اسٹیشن تک پہنچایا گیا۔ اسی طرح 104 واٹر باؤزرز کے ذریعے میرانی ڈیم سے 10 لاکھ 57 ہزار گیلن پانی ایئرپورٹ پمپنگ اسٹیشن تک سپلائی کیا گیا۔گوادر پورٹ اتھارٹی کے ڈیسالینیشن پلانٹ کے ذریعے اولڈ ٹاؤن کے رہائشیوں کو 7 لاکھ 80 ہزار گیلن صاف پانی فراہم کیا گیا۔دوسری جانب پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کی جانب سے کلاتو سے جیوانی شہر کو 22 واٹر باؤزرز کے ذریعے 2 لاکھ 7 ہزار 750 گیلن پانی فراہم کیا گیا۔ علاوہ ازیں چیپ کلمتی، چب ریکانی، نگور اور گردونواح کے علاقوں کو 26 واٹر باؤزرز ٹرپس کے ذریعے 1 لاکھ 28 ہزار گیلن پانی سپلائی کیا گیا۔پی ایچ ای کی جانب سے سنٹ سر سے پلیری پائپ لائن کے ذریعے 3 لاکھ 50 ہزار گیلن پانی فراہم کیا گیا، جس سے پلیری، عبدالرحیم بازار، پیشکان اور پانوان کے علاقے مستفید ہوئے۔حکومتِ بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ پانی کی فراہمی کے سلسلے کو مسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں