بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ انسرجنسی نہیں کرپشن ہے،سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ انسرجنسی نہیں بلکہ کرپشن ہے جب ہم کرپشن کے چیلنج پر قابو پا لیں گے تو صوبے میں حقیقی ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہوگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں میرٹوکریسی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں تاکہ نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق بہتر مواقع میسر آئیں یہ بات وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نیشنل یوتھ کونسل کے اراکین سے ملاقات کے دوران کہی ملاقات میں چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، یوتھ ڈیلیگیٹس، فوکل پرسنز اور یوتھ ڈیپارٹمنٹ کے حکام شریک تھے اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نیشنل یوتھ کونسل کے اراکین میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دشمن عناصر تشدد کے ذریعے ریاست توڑنے کے خواب دیکھ رہے ہیں، مگر وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ نوجوان ریاست کے اصل بیانیے کو عام کریں مثبت سوچ کو فروغ دیں اور تشدد پر مبنی رویوں اور منفی پروپیگنڈے کا جواب دلائل اور حقائق سے دیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے متعلق تصور اور حقیقت میں فرق جاننا نوجوانوں کے لیے نہایت ضروری ہے ریاست کے لیے ہر نوجوان ایک قیمتی اثاثہ ہے اور حکومت ان کی درست سمت میں رہنمائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نوجوانوں کے ہر تلخ سے تلخ سوال کا جواب دلیل اور سچائی کی روشنی میں دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اس موقع پر چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت ہر سطح پر نوجوانوں کو سن رہی ہے یہ پہلی حکومت ہے جس کے دور میں نوجوانوں کی بہبود کے لیے حقیقی معنوں میں ہواؤں کا رخ بدلا گیا ہے رانا مشہود احمد خان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں چھ مرتبہ کوئٹہ آیا ہوں مگر اس بار میں نے تبدیلی کی وہ ہوائیں محسوس کی ہیں جو نوجوانوں کے اعتماد کی علامت ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں نوجوانوں کی شمولیت اور انگیجمنٹ قابلِ تعریف ہے اور ان کے اقدامات بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں