لسبیلہ( بیوروچیف) دعوت اسلامی کے شعبہ جامعۃ المدینہ کے زیر اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں ایک عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد ہوا جس میں کراچی میں قائم جامعۃ المدینہ اور بلوچستان سے اوتھل ۔وندر ۔بیلہ کے طلباء، اساتذہ اور ناظمین شریک ہوئے جبکہ ملک و بیرون ملک قائم جامعۃ المدینہ بوائز اور گرلز نے بذریعہ آن لائن اس اجتماع میں شرکت کی، نگران شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری نے اجتماع میں اپنے مخصوص انداز میں طلبا و طالبات کو علمِ دین حاصل کرنے کی عظیم فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ دین کاعلم انسان کو اللہ کی معرفت، صحیح زندگی گزارنے کا راستہ اور نیکی کی طرف رہنمائی فراہم کرتا ہے جبکہ تکبر انسان کو حق سے دور اور ریاکاری اعمال کو برباد کر دیتی ہے،انہوں نے زور دیا کہ نیک اعمال صرف اللہ کی رضا کیلئے کئے جائیں اور طالب علم ہمیشہ عاجزی و اخلاص کے ساتھ علم حاصل کرے۔ نگران شوریٰ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دین کی خدمت اور نیکی کے راستے پر چلتے ہوئے آزمائشیں، تکلیفیں اور مشقتیں آنا کوئی نئی بات نہیں، اللہ کے نیک بندوں نے ہمیشہ حق کی خاطر مشکلات برداشت کیں اور صبر و استقامت کے ساتھ آگے بڑھتے رہے،دین کی راہ میں آنے والی مشقتیں دراصل مؤمن کے درجات بلند کرنے اور اس کے ایمان کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنتی ہیں لہذا طلبا ء کو مشقتوں سے گھبرانا نہیں بلکہ انہیں اللہ کے قرب کا ذریعہ سمجھ کر صبر و ثابت قدمی کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔نگران شوریٰ نے کہا کہ خوش نصیب ہیں وہ طلبا ء جنہیں اللہ پاک نے علمِ دین سیکھنےکی توفیق عطا فرمائی، جو شخص اخلاص کے ساتھ علم حاصل کرتا ہے، اللہ اس کے لئے خیر کے دروازے کھول دیتا ہے اور اسے دنیا و آخرت میں بلند مقام عطا فرماتا ہے،یہی وجہ ہے کہ علم کے طالب کو اللہ اور رسول ﷺ کی خاص رحمت اور برکتیں نصیب ہوتی ہیں۔نگران شوریٰ نے کہا کہ اساتذہ کی ذمہ داری صرف پڑھانا نہیں بلکہ شفقت، رہنمائی اور حوصلہ افزائی کے ساتھ طالب علم کو علم دین کے راستے پر مضبوطی سے قائم رکھنا بھی ہے، طالب علم جب استاد کی محبت، رہنمائی اور دعا حاصل کرتا ہے تو اس کیلئے علم کا سفر آسان اور بابرکت ہو جاتا ہے، اس لئے اساتذہ کو چاہئے کہ وہ نرمی، حکمت اور خیرخواہی کے ساتھ طلبہ کی مدد کریں تاکہ وہ بہترین انداز میں علمِ دین حاصل کر سکیں۔ اجتماع کے اختتام پر خصوصی دعا بھی ہوئی۔

