لسبیلہ میں واٹر بور کی بجلی منقطع، شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے

لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش)محکمہ پی ایچ ای اور کے الیکٹرک کے درمیان واجبات کی عدم ادائیگی کا مسئلہ تاحال حل طلب ہے، جس کے باعث ہندو محلہ واٹر بور کی بجلی کئی دنوں سے منقطع ہے۔ شہر کے گنجان آباد علاقوں موچی محلہ ہندو محلہ کمبہار محلہ شیدی محلہ میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے، جس سے عام شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں پانی کا نام و نشان نہیں، جبکہ مساجد میں بھی وضو کے لیے پانی میسر نہیں، حالانکہ آج جمعہ کے دن مساجد میں نمازیوں کا بہت بڑا رش ہوتا ہے۔ پانی کی قلت کے باعث عبادات اور روزمرہ امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔صاحب حیثیت لوگ ٹینکر خرید کر پانی حاصل کر رہے ہیں، جبکہ متوسط اور غریب طبقہ بوند بوند کو ترس رہا ہے۔ شہری پانی کی تلاش میں دربدر ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر پریشان کن صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔عوامی و شہری حلقوں نے وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی، سیکریٹری پارلیمانی امور میر زرین خان مگسی اور ڈپٹی کمشنر لسبیلہ محترمہ حمیرہ بلوچ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ہندو محلہ واٹر بور کا بجلی کنیکشن بحال کیا جائے اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو اس سنگین بحران سے نجات مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں