کوہاٹ(این این آئی) کوہاٹ پولیس نے قبائلی ضلع خیبر سے پنجاب منشیات کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور شہر کے نواحی علاقہ گلشن آباد میں موٹرکار سے لاکھوں روپے مالیت کی60 کلوگرام چرس برآمدکرکے منشیات کابین الصوبائی سمگلر گرفتارکرلیا۔پولیس کے مطابق بدھ کے روز جنگل خیل پولیس کے ایس ایچ او عمران الدین نے پولیس نفری کے ہمراہ شہرکے داخلی راستہ گلشن آباد چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کررکھی تھی کہ اس دوران کوتل کے پہاڑی راستے سے درہ آدم خیل کی طرف سے آنے والی مشتبہ موٹرکارنمبر (LED 8879) کو روکا جس کی تلاشی لینے پر اس کے خفیہ خانوں سے مجموعی طورپر 60 کلوگرام چرس برآمد کرلی جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔پولیس کے مطابق منشیات کی بھاری کھیپ قبائلی ضلع خیبر سے پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ پولیس نے مبینہ طورپرمنشیات کے بین الصوبائی سمگلر آفتاب علی شاہ سکنہ نوشہرہ کو موٹرکار سمیت حراست میں لے کرپولیس تھانہ جنگل خیل منتقل کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

