سوات (این این آئی)ملاکنڈ ریجن میں عیدالاضحی کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ریجنل پولیس آفیسر شیر اکبر کی ہدایت پر تمام اضلاع میں جامع سیکیورٹی پلان نافذ کر دیاگیا،عید کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ انہیں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملاکنڈ کے تمام اضلاع میں اہم عوامی مقامات، بازاروں، مساجد، عیدگاہوں، مویشی منڈیوں اور تفریحی مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے اور مشکوک افراد و سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔عید سے قبل اور بعد کے ایام میں شہریوں اور سیاحوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ تمام اضلاع میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے اہم شاہراہوں پر ٹریفک اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پیدل اور موبائل گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ عوامی تحفظ کو مزید مثر بنایا جا سکے۔نماز عید کے اجتماعات کے دوران فول پروف سیکیورٹی کے لیے تمام تھانوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ حساس مقامات پر خصوصی گشت اور نگرانی کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق سرچ اینڈ کلئیرنس آپریشنز بھی جاری ہیں تاکہ کوئی ممکنہ خطرہ پیش نہ آئے۔ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ، شیر اکبر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور دیگر پرخطر کرتبوں سے مکمل گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ ایک مجرمانہ فعل ہے جو قیمتی انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین، اساتذہ، مشران اور علمائے کرام نوجوانوں کو ایسے غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک رویوں سے روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی

