کوئٹہ (این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صحت عامہ کے شعبے میں نمایاں بہتری حکومت کی مؤثر اصلاحات کا نتیجہ ہے، فل امیونائزیشن کوریج پانچ سال کے جمود کے بعد ایک سال میں 38 سے بڑھ کر 47 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے یہ پیش رفت تھرڈ پارٹی ویریفکیشن آف امیونائزیشن کوریج سروئے اور آغا خان یونیورسٹی کی رپورٹ میں سامنے آئی ہے رپورٹ کے مطابق ایکسپینڈڈ پروگرام آن امیونائزیشن کے تحت 70 فیصد ہدف ممکن ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی شفاف پالیسی اور بہتر نظم و نسق سے عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے صحت کے شعبے میں یہ کامیابی بلوچستان کے بہتر اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔

