پنجاب پولیس کے فورس اور ان کے اہلخانہ کی ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری

لاہور (این این آئی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے فورس اور انکے اہلخانہ کی ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں رواں سال کے دوران پولیس فورس کی ویلفیئر پر 1 ارب 3 کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی سکالرشپس کی مد میں 29 کروڑ 27 لاکھ 46 ہزار روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔ پولیس ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 31 کروڑ 76 لاکھ 60 ہزار روپے دئیے گئے۔ علاج معالجے کی سہولیات میں معاونت کے لئے 14 کروڑ 74 لاکھ 57 ہزار روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔گذارا الاؤنس کی مد میں پولیس ملازمین کی فیملیز کو 11 کروڑ 66 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد فنڈز دئیے گئے۔ پولیس ملازمین کو ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں 12 کروڑ 42 لاکھ 58 ہزار روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔ تدفین اخراجات کی مد میں فورس کے اہلخانہ کو 02 کروڑ 85 لاکھ روپے دئیے گئے۔ پولیس فورس کو فوری مالی امداد کی مد میں 77 لاکھ 19 ہزار روپے سے زائد دئیے گئے۔ ڈاکٹر عثمان نے کہا کہ پولیس ویلفیئر فنڈ، ویلفیئر ذرائع سے حاصل آمدن سے ملازمین اور انکے اہلخانہ کی مشکلات کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں