پاکستان میں دنیا کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے، وزیراطلاعات

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے نیشنل ایج سوئمنگ چیمپئن شپ میں نوجوان تیراکوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر سوئمنگ چیمپئن شپ کے حوالے سے ہمارا روشن مستقبل ہیں، پاکستان میں دنیا کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سوئمنگ پول کی مکمل تزئین و آرائش کی جائے گی اور کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں 29 ویں نیشنل ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ 2025ء (بوائز) اور 24 ویں نیشنل ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ 2025ء (گرلز) کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوئمنگ مقابلوں میں نوجوانوں نے نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ عالمی مقابلوں کے لئے بھی پاکستان کے روشن مستقبل کی جھلک پیش کی ہے۔ انہوں نے ایونٹ کے بہترین انتظام پر انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انڈر 10، انڈر 12، انڈر 14 اور انڈر 16 کی تمام کیٹیگیریز میں لڑکوں اور لڑکیوں نے بھرپور سپورٹس مین سپرٹ، محنت اور لگن کا عملی ثبوت دیا۔ انہوں نے والدین کی حوصلہ افزائی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی معاونت نے نوجوان تیراکوں کے اعتماد اور کارکردگی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے پاس عالمی معیار کا ٹیلنٹ موجود ہے اور مقامی کوچز نے بھی دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی دکھانے والی تیراک کرن خان کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سوئمنگ ایک ایسا کھیل ہے جس میں پاکستان نمایاں مقام حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک کے باصلاحیت نوجوان مستقبل میں سیف گیمز، ایشین گیمز اور اولمپکس تک پہنچیں گے اور پاکستان کے لئے تمغے جیت کر دنیا میں اپنا نام بنائیں گے۔ عطاء اللہ تارڑ نے سوئمنگ پول میں سہولیات کے حوالے سے کہا کہ سوئمنگ پول کے موجودہ انفراسٹرکچر کو عالمی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے لیس کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سوئمنگ پول کی مکمل تزئین و آرائش کی جائے گی اور کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس چیمپئن شپ میں نوجوانوں کا جذبہ، محنت، لگن اور مقابلے کا حوصلہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی نے دل جیت لئے ہیں اور پاکستان کا مستقبل انہی ہاتھوں میں روشن دکھائی دیتا ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے سوئمنگ مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں