کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رکن بلوچستان اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کلی حسین آباد سریاب میں اپنے ترقیاتی فنڈ سے مکمل ہونے والے ٹیوب ویل کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں علاقے کے معززین، قبائلی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر حاجی علی مدد جتک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانا ہے، خصوصاً پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ کلی کلی حسین آباد کے عوام طویل عرصے سے پانی کی قلت کے مسئلے سے دوچار تھے، جس کے پیشِ نظر اس ٹیوب ویل کا منصوبہ شروع کیا گیا تاکہ علاقے کے لوگوں کو صاف اور میٹھا پانی فراہم کیا جا سکے۔علاقے کے عوام اور معززین نے حاجی علی مدد جتک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے سینکڑوں گھرانے صاف پانی کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوامی خدمت کے یہ سلسلے آئندہ بھی جاری رہیں گے۔حاجی علی مدد جتک نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹیوب ویل کی باقاعدہ دیکھ بھال اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے کے تمام مکین برابر مستفید ہوں۔

