اوستا محمد میں جے یو آئی تحصیل شوریٰ اجلاس، رمضان کے احترام اور عوامی ریلیف پر زور

اوستا محمد ( عابدعلی) جمعیت علماء اسلام تحصیل اوستا محمد کی مجلسِ شوریٰ کا اہم اجلاس زیرِ صدارت تحصیل امیر مولانا مہر اللہ جتک منعقد ہوا، جس میں ماہِ مقدس رمضان المبارک کے تقدس اور احترام کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مہر اللہ جتک نے کہا کہ رمضان المبارک صبر، تقویٰ، اخوت اور باہمی ہمدردی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے اس بابرکت مہینے کی روحانیت اور معاشرتی اصلاح کے پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ رمضان المبارک کے دوران عبادات کا خصوصی اہتمام کریں اور معاشرے میں اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماہِ صیام میں نظم و ضبط کو برقرار رکھا جائے گا اور عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو ضلعی انتظامیہ سے ملاقات کرکے رمضان المبارک کے احترام کو یقینی بنانے، عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گی۔ کمیٹی بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لے گی۔اجلاس کے شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے تاکہ یہ بابرکت مہینہ حقیقی معنوں میں رحمتوں اور برکتوں کا باعث بن سکے۔مولانا مہر اللہ جتک نے مزید کہا کہ تمام مساجد کے خطباء کرام رمضان المبارک کی فضیلت، احترام اور اس کےمل تقاضوں کے حوالے سے عوام الناس کو آگاہ کریں تاکہ معاشرے میں دینی شعور اور اخلاقی اقدار کو فروغ حاصل ہو۔ جبکہ اجلاس میں ضلعی امیر صوفی خاوند بخش چنہ ضلعی سرپرست اعلیٰ مولانا عبد القیوم حیدری ضلعی ڈپٹی جنرل سیکریٹری بشیر احمد چنہ مولانا ظفر علی پندرانی قاری عبد الغفار واسوانی مولانا عبد الغفو ر حیدری محمد ایوب محمد حسنی ودیگر نے شرکت کی

اپنا تبصرہ بھیجیں