لاہور (این این آئی)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں مری،ساہیوال اور سرگودھا کارڈیالوجی سنٹرز کی رفتار کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کے 57 اسپیشلائزڈ ہسپتالوں کی پرفارمنس رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے سپیشلائزڈ ہسپتالوں لاکھوں مریض مستفید،سرجریز، اربوں روپے کی مفت ادویات دی جارہی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کارڈیالوجی سنٹرمیں مشینری کی تاخیر پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس موقع پرپنجاب میں ہسپتال کی تعمیر کیساتھ ساتھ تمام مشینری اور مکمل آلات کی انسٹالیشن لازمی قرار دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کو اپریل تک مکمل فعال حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر مری کو وسط فروری تک مکمل طور پر فعال کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مری میں کارڈیک سرجری تھیٹر کو مکمل کرنے اور نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر مری میں درکار مشینری جلد از جلد مہیا کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نوازشریف کارڈیالوجی سنٹر مری میں ڈاکٹر ز اور دیگر بھرتیوں کا عمل جلد ازجلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے مکمل بریفنگ دی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں ایک کروڑ 83 لاکھ مریض مستفید ہوئے جبکہ تین کروڑ 95لاکھ مریضوں کو طبی سروسز کی فراہمی جاری ہے۔ 2کروڑ39لاکھ مریضوں کا او پی ڈی اور ایک کروڑ 56لاکھ مریضوں کا ایمرجنسی میں علاج معالجہ کیا گیا۔ سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں ایک ارب 92 کروڑ روپے کی مفت ادویات فراہم کی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری کیلئے 13380 مریض رجسٹرڈ کیے جبکہ 8462 مریضوں کا پروسیجرکیا گیا۔ سی ایم سپیشل اینی شیٹیو ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت 1327مریض رجسٹرڈ ہوئے جبکہ جگر، گردے اور دیگر کے 879 ٹرانسپلانٹ کیے گئے۔ صوبے بھر میں 29ہزار مریضوں کے 10لاکھ 15 ہزارڈائیلسزکیے گئے۔ پنجاب کے سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں 7 لاکھ 16 ہزار زائد سرجری کی گئی، چار لاکھ52 سی ٹی سکین کیے گئے، ایک لاکھ 43ہزار سے زائد ایم آر آئی ہوئیں، 99ہزار سے زائد انجیو گرافی اور ڈیڑھ لاکھ سے زائدایکو کیے گئے۔ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر مری اوپی ڈی میں 1534 مریضوں کا علاج کیا گیا،48 انجیوگرافی ہوئی اور 374 ایکو کی گئی۔سامبلی ٹی بی ہسپتال کو جنرل ہسپتال میں تبدیل کرنے پر مستفیدمریضوں کی تعداد ایک لاکھ 18ہزار سے بھی بڑھ گئی۔ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں 2027 مریض رجسٹرڈ کیے گئے، 10ہزار سے زائد مریضوں کی اوپی ڈی آمد اور 29لاکھ ادویات فراہم کی گئی۔ ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں روزانہ 180مریض،59 انجیوگرافی، چھ انجیو پلاسٹی اور 3 بائی پاس کیے گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال انسٹیٹیوٹ میں سہولتوں کی فراہمی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

