کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ، تاکہ پولیو کے خاتمے کا ہدف ہر صورت حاصل کیا جا سکے۔کمشنر سبی‎

سبی(اللہ داد)کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض کی زیرِ صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے پولیو مہم کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی پی سبی رینج برکت حسین کھوسہ، ایس ایس پی سبی شاہنواز چاچڑ سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پولیو مہم کے انتظامات، سیکیورٹی، ٹیموں کی کارکردگی، فیلڈ میں درپیش مسائل اور حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر سبی ڈویژن نے متعلقہ اداروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولیو جیسے قومی چیلنج کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ فیلڈ ٹیموں کو مکمل سہولیات، بہتر کوآرڈی نیشن اور سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ صحت کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو مہم 15 دسمبر سے 18 دسمبر تک جاری رہے گی جس دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مانیٹرنگ ٹیمیں مہم کے تمام مراحل کی نگرانی کریں گی جبکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور صحت کے ادارے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔کمشنر سبی ڈویژن نے پولیو ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران، رضا کار اور فیلڈ ورکرز قومی ذمہ داری سمجھ کر اپنا کردار ادا کریں، اور یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ، تاکہ پولیو کے خاتمے کا ہدف ہر صورت حاصل کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں