گوگل کے بجائے ٹک ٹاک: 2025 میں پاکستانیوں نے کیا تلاش کیا؟

مقبول ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے سال 2025 کے لیے پاکستان میں سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے موضوعات (Search Trends) کے تفصیلی اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

بدھ کو جاری ہونے والی یہ رپورٹ صرف مقبول ویڈیوز کی فہرست نہیں بلکہ پاکستانی سماج میں آنے والی ایک بڑی ڈیجیٹل تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب لوگ انٹرنیٹ پر معلومات کے حصول کے لیے روایتی سرچ انجنوں کے بجائے ٹک ٹاک کا رخ کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 2025 میں پاکستانی صارفین نے اس ایپ کو محض تفریح کے لیے استعمال نہیں کیا، بلکہ اسے معلومات کے ذریعے کے طور پر برتا۔ صارفین نے خریداری کے فیصلے کرنے، سیاحتی مقامات کا انتخاب کرنے، نئے ہنر سیکھنے اور یہاں تک کہ تعلیمی رہنمائی کے لیے بھی ٹک ٹاک سرچ بار کا سہارا لیا۔

جنوبی ایشیا میں ٹک ٹاک کے کانٹینٹ آپریشنز لیڈ عمیس نوید کے مطابق: ’ٹک ٹاک سرچ پاکستان میں روزمرہ زندگی کا ایک لازمی حصہ بن چکی ہے۔ لوگ صرف ویڈیوز نہیں دیکھ رہے بلکہ حقیقی وقت (Real-time) میں معلومات اور سیاق و سباق تلاش کر رہے ہیں، خواہ وہ ویک اینڈ ٹرپ کی منصوبہ بندی ہو یا کسی پروڈکٹ کا ریویو۔‘

تعلیم اور فٹنس میں ریکارڈ اضافہ

اعداد و شمار ایک دلچسپ رحجان کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستانی نوجوان اب ٹک ٹاک کو سیکھنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال ’سٹڈی ٹاک‘ (#StudyTok) کے ہیش ٹیگ کی تلاش میں 60 فیصد اضافہ ہوا، جو طلبہ کی جانب سے تعلیمی مواد میں دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔

اس سے بھی زیادہ حیران کن اضافہ صحت اور تندرستی کے شعبے میں دیکھا گیا۔ ’فٹنس ٹاک‘ (#FitnessTok) کی تلاش میں سال بہ سال کی بنیاد پر ریکارڈ 66 فیصد اضافہ ہوا، جو ظاہر کرتا ہے کہ پاکستانی اپنی صحت کے بارے میں زیادہ باشعور ہو رہے ہیں اور ورزش کے طریقوں کے لیے ویڈیو رہنمائی کو ترجیح دے رہے ہیں۔

سیاحت اور کھانے: بریانی سے دبئی چاکلیٹ تک

پاکستانیوں کی کھانے اور گھومنے پھرنے سے محبت ڈیجیٹل دنیا میں بھی نمایاں رہی۔ سیاحت سے متعلق مواد (#TravelTok) کی تلاش میں 53 فیصد اور کھانوں (#FoodTok) میں 52 فیصد اضافہ ہوا۔

سیاحتی مقامات میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سرِفہرست رہا، جس کے بعد ہنزہ کا تاریخی ’التت فورٹ‘، دریائے چناب، لاہور اور کراچی شامل رہے۔ لوگ اب کسی بھی جگہ جانے سے پہلے وہاں کے مناظر اور سہولیات کو ٹک ٹاک کے ذریعے جانچتے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کھانوں کی بات کی جائے تو روایتی ’بریانی‘ اور ’آلو‘ کے ساتھ ساتھ وائرل فوڈ ٹرینڈز بھی چھائے رہے۔ 2025 میں پاکستانیوں نے ’لاوا برگر‘، ’ماچا ڈرنک‘ اور دنیا بھر میں مشہور ہونے والی ’دبئی چاکلیٹ‘ کو سب سے زیادہ تلاش کیا۔

کرکٹ، شوبز اور اے آئی

کرکٹ ہمیشہ کی طرح مقبول ترین موضوع رہا۔ شائقین نے ’بابر اعظم کی 100ویں سینچری‘، پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ اور روایتی حریف انڈیا کے خلاف میچز کے لمحات کو بار بار تلاش کیا۔ کھلاڑیوں میں بھی بابر اعظم، ویرات کوہلی اور حارث رؤف سرِفہرست رہے۔

شوبز انڈسٹری میں پاکستانی ڈراموں کے ساتھ ساتھ ’ترک سیریز‘ کا سحر بھی برقرار رہا۔ اس کے علاوہ ریئلٹی شو ’تماشا‘ اور ’ہم ایوارڈز‘ بھی سب سے زیادہ زیرِ بحث رہے۔

رپورٹ میں ایک اور اہم پہلو ’عملی زندگی کی تلاش‘ تھی۔ خواتین نے جہاں ’مہندی کے ڈیزائن‘ تلاش کیے، وہیں ٹیکنالوجی میں دلچسپی رکھنے والوں نے مصنوعی ذہانت یعنی ’اے آئی کے استعمال اور پرامپٹس‘ (AI Prompts) کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

اس کے علاوہ ’سافٹ ویئر اپ ڈیٹ‘ اور مصنوعات خریدنے سے پہلے ’پروڈکٹ ریویوز‘ دیکھنا بھی ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہا، جو ظاہر کرتا ہے کہ پاکستانی صارفین اب پہلے سے زیادہ سوچ سمجھ کر فیصلے کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں