اسلام آباد(این این آئی)پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے درمیان مجموعی طور پر 603 ملین ڈالر مالیت کے تین قرض معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔معاہدوں پراسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ڈاکٹررامی احمد اوراقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری محمد حمیرکریم نے دستخط کیے۔معاہدوں کے تحت انتہائی غریب اور سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کو غربت سے نکالنے کیلئے ایک جامع تخفیفِ غربت پروگرام شروع کیا جائے گا۔اس پروگرام کی مجموعی لاگت 134.2 ملین ڈالرہے،جس میں اسلامی ترقیاتی بینک 118.4 ملین ڈالر فراہم کرے گا،یہ منصوبہ ملک کے 25 اضلاع میں نافذکیا جائیگاجس سے ایک لاکھ 60 ہزار 866 گھرانے مستفید ہوں گے۔ پروگرام کامقصد غریب خاندانوں کومعاشی خودمختاری فراہم کرنا اور ان کیلئے مضبوط معاشی بنیاد استوار کرناہے،اس کے علاوہ اسلامی ترقیاتی بینک آزاد کشمیرمیں اسکول سے باہربچوں کیلئے ایک تعلیمی منصوبے کے تحت 10 ملین ڈالر فراہم کریگا،اس منصوبے کے ذریعے تقریباً 60 ہزاربچوں کودوبارہ اسکولوں میں داخل کیا جائے گا جبکہ 4 ہزار اساتذہ کو تربیت دی جائے گی۔اس موقع پراسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ڈاکٹر رامی احمد نے کہا کہ بینک پاکستان کے ساتھ باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

