کوئٹہ +اسلام آباد (این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے ان کی بھابھی مرحومہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت اور دعائے مغفرت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ آج بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، پارلیمنٹیرینز، وکلا، ڈاکٹرز، طلبہ، سینیئر سرکاری افسران، تاجر برادری اور مختلف چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔تعزیت کرنے والوں نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اللہ تعالیٰ سے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی، جبکہ سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔تعزیت کے لیے آنے والی اہم شخصیات میں سابق نگران وزیرِ اعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ، سابق گورنر خیبر پختونخوا ظفر اقبال جھگڑا، سینیٹر پیر صابر شاہ (سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا)، سینیٹر دنیش کمار، رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ سمیت دیگر معزز پارلیمنٹیرینز اور شخصیات شامل تھیں۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے تعزیت اور دعاؤں کے لیے آنے والے تمام معززین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل اور غم کی اس گھڑی میں اہلِ خانہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ان کے لیے باعثِ حوصلہ ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے لیے کی جانے والی دعاؤں پر تمام احباب کے ممنون ہونے کا اظہار کیا۔

