گوادر (این این آئی)پسنی میں واقع میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (ایم ایس اے) کے نیوی کیمپ پر ہفتہ کی صبح دہشت گردوں نے حملہ کیا سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں تمام چھ حملہ آور ہلاک ہو گئے، جبکہ ایم ایس اے کا ایک جوان شہید اور ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔ذرائع کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے ایک خودکش حملہ آور نے کیمپ کے مرکزی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس سے زور دار دھماکا ہوا۔ اس کے فوراً بعد دیگر مسلح حملہ آور کیمپ میں داخل ہو گئے اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ شدید فائرنگ اور دھماکوں کا تبادلہ ہوا۔ جھڑپ کے دوران سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تمام حملہ آور مارے گئے۔حملے میں ایم ایس اے کے سپاہی شاہ زیب شہید ہو گئے، جبکہ نائیک اختر زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

