کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سید جہانگیر شاہ نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے حملے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، نوشکی، دالبندین، پسنی اور گوادر سمیت 12 مختلف مقامات پر دہشتگردی کے حملوں کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا گیا۔ کامیاب آپریشنز میں کئی دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، جو سکیورٹی اداروں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سید جہانگیر شاہ نے کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں بھارتی پشت پناہی یافتہ دہشتگردوں کا خاتمہ کیا گیا۔ انہوں نے شہادت پانے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر وطن عزیز کے دفاع میں مصروف ہیں اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔سید جہانگیر شاہ نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ پوری قوم شانہ بشانہ کھڑی ہے۔آخر میں انہوں نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ان کی پوری ٹیم کو سلام پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں اور جرات قوم کا فخر ہیں۔

