دہشت گرد کے حملے ناکام بنانے پر پولیس،سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ثناء اللہ خان زہری

کوئٹہ(این این آئی)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیک وقت کئی شہروں پر حملوں کا مقصد پورے صوبے کی صورتحال کو سبوتاژ کرنا اور عوام کو یرغمال بنانا تھا تاہم بلوچستان کے غیور عوام اور سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے اس ناپاک خواب کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے سابق وزیر اعلی نواب ثناء اللہ خان زہری نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد حملوں کو ناکام بنانے پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کی کمر توڑ دی ہے جس کے باعث دہشت گرد بوکھلاہٹ کا شکار ہیں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے دہشت گردی کے واقعات میں 10 پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے واقعات کی سخت مذمت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں