لاہور(این این آئی)سینئر اداکار قاضی واجد کی 8ویں برسی گزشتہ روز منائی گئی۔زندگی کی 88 بہاریں دیکھنے والے قاضی واجد دل کا دورہ پڑنے کے سبب 11 فروری 2018 کو اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے تھے۔ قاضی واجد نے ریڈیو،ٹیلی ویژن،فلم اور تھیٹر پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو سے کیا جہاں بچوں کے پروگرام سے اپنی فن کارانہ صلاحیتوں کا اظہار کرنے کے بعد اسی میڈیم پر نشر کیے جانے والے ڈراموں میں متعدد کردار نبھائے اور شہرت حاصل کی۔ جب 60 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوا تو قاضی واجد اس سے منسلک ہو گئے۔1969 میں ٹیلی ویژن کی تاریخ کا مقبول ترین ڈرامہ سیریل خدا کی بستی شروع ہوا تو اس میں قاضی واجد نے راجہ نامی بدمعاش کا کردار ادا کیا جس نے انہیں ملک گیر شہرت دی۔قاضی واجد نے ٹیلی ویژن پر کئی ڈراموں میں مختلف قسم کے کردار ادا کیے لیکن ان کے حصے میں زیادہ تر منفی کردار آئے۔ سنجیدہ کرداروں کے ساتھ قاضی واجد نے بعض ڈراموں میں مزاحیہ رول بھی ادا کیے۔1988 میں قاضی واجد کو صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔ڈراما دھوپ کنارے، تنہائیاں، حوا کی بیٹی، خدا کی بستی اور انار کلی میں انہوں نے بے مثال اور لاجواب اداکاری سے ناظرین کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔

