کراچی(این این آئی)شہر قائد ایک بڑی تباہی سے اس وقت بال بال بچ گیا جب شاہ لطیف ٹاؤن میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور دہشتگردوں کے درمیان ہونے والے شدید مقابلے میں چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر نے میڈیا کو بتایا کہ یہ آپریشن گرفتار دہشتگردوں کی نشاندہی پر کیا گیا۔ مقابلے کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں زخمی ہونے والے چاروں دہشتگرد بعد ازاں ہلاک ہوگئے۔ہلاک دہشتگردوں میں جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ اور حمدان عرف فرید شامل ہیں جبکہ ایک کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔ مقابلے میں سی ٹی ڈی کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے جن میں ہیڈ کانسٹیبل محمد یوسف اور سپاہی راجہ جنید شامل ہیں، دونوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق جنوری کے اوائل میں تقریباً دو ہزار کلو بارودی مواد برآمد کرکے تین دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا تھا اور انہی کی نشاندہی پر شاہ لطیف ٹاؤن میں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔گرفتار دہشتگردوں کا تعلق مبینہ طور پر فتنہ آل ہندوستان بشیر زیب نیٹ ورک سے بتایا جا رہا ہے۔علاقے میں مزید خطرات کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا، جس نے گھر کی تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں بارودی مواد کی موجودگی کی تصدیق کی۔اطلاعات کے مطابق گھر میں ڈرموں میں آئی ای ڈیز تیار کی جا رہی تھیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈیٹونیٹرز، ڈیٹونیٹک وائر اور سرکٹس بھی برآمد کرلیے ہیں۔حکام کے مطابق بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کا عمل جاری ہے اور ڈی فیوز کرنے کے بعد اسے محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا۔سی ٹی ڈی نے فرار دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے ضلع ملیر سمیت مختلف اضلاع میں ناکہ بندی کردی ہے جبکہ سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

