رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کااجلاس (آج) ہوگا

پشاور/اسلام آباد(این این آئی) رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس(آج)بدھ کو دفترایڈمنسٹریٹر اوقاف پشاور میں مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کی زیر صدارت منعقد ہو گا جس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی پشاورکے ممبران،وزارت مذہبی امورحکومت پاکستان سے ڈائریکٹر جنرل حافظ عبدالقدوس، محکمہ سپارکوسے شوکت اللہ خان،محکمہ موسمیات ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین و دیگر ارکان شریک ہوں گے۔مرکزی رویت کمیٹی پاکستان کے ممبران میں مولانا حافظ عبدالغفور،مولانا یٰسین ظفر،علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، مفتی فیصل احمد،قاری عبدالروف مدنی،مفتی علی اصغر عطاری، علامہ شبیر حسن میثمی،مفتی یوسف کشمیری،مفتی ضمیر احمد ساجد، پیر سید شاہد علی جیلانی،مفتی فضل جمیل رضوی،حافظ عبدالمالک بروہی،مولانا اشرف علی،مفتی قاری مہراللہ،صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی،مولانا اسد زکریا قاسمی اور زونل ریت ہلال کمیٹی پشاورکے ممبران میں مولانا احسان الحق،مولانامحمد علی شاہ،مولانا سید عبدالبصیررستمی،علامہ عابد حسین شاکری،مفتی عتیق اللہ قادری اور دیگر علما کرام شریک ہو ں گے،پورے ملک میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز لاہور، کراچی،کوئٹہ،اسلام آبادمیں منعقد کیے جائیں گے۔ مرکزی کمیٹی کے چیئر مین شہادتوں کے بعد ماہ رمضان المبارک 1447ھ کے چاند کی رویت کا فیصلہ اور اعلان کرینگے۔چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے تمام اہلیان پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا خصوصی اہتمام کریں۔اپنے بیان میں مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان پاکستان میں دہشت گردی پھیلا کر فرقہ واریت لسانی تقسیم کرکے ہماری قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں،بلوچستان میں دہشت گردی اور مساجد و امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں پر حملہ کرنے والے اسلام و پاکستان اور اسلام کے دشمن ہیں،پاکستان میں قیام امن کیلئے مذہبی ہم آہنگی،رواداری،اتحاد و وحدت اور قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے،،اللہ تعالی ملک پاکستان کو ہراندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ فرمائے۔مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے کہا کہ تمام اہلیان پاکستان سے اپیل ہے کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کاخصوصی اہتمام فرمائیں،اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کو اس دفعہ بھی ایک ہی دن روزہ عطا فرمائے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اعلان کیا کہ فلکیاتی پیرامیٹرز کے مطابق رمضان کا آغاز (کل)جمعرات19فروری سے ہونے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک 1447ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے کہا کہ رمضان کا چاند(آج)بدھ 18فروری کی شام نظر آنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ 29شعبان 1447ہجری بروز بدھ چاند نظر آنے کے امکانات ہیں اور یکم رمضان المبارک 19فروری 2026بروز جمعرات کو متوقع ہے۔فلکیاتی پیرامیٹرز کے مطابق رمضان کا آغاز 19فروری سے ہونے کا امکان ہے،18فروری (29شعبان)کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25گھنٹے 48منٹ سے زائد ہوگی۔ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریباً 59منٹ کا فرق ہوگا جس کی وجہ سے چاند آنکھ سے باآسانی دیکھا جا سکے گا،ملک کے بیشتر حصوں میں موسم صاف یا جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جو چاند کی رویت کے لیے سازگار حالات فراہم کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں