صوابی (این این آئی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے سی ایس آر فنڈزکے استعمال سے متعلق زمینداروں کے تحفظات انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا ازالہ ضرور کرکے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے اور اس حوالے سے تمباکو کے کاشتکاروں کے تحفظات دور کرنے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تمباکو کی فصل سے وابستہ کاشتکاروں کی صوبائی نمائندہ تنظیم ٹوبیکو کروورز ایسوسی ایشن کے صدراور پی پی پی ضلع صوابی کے دیرینہ رہنما انجینئر داؤد جان کی قیادت میں سات رکنی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد نے صوبے میں تمباکو کے کاشتکاروں کو وفاقی وزارت فوڈ سیکورٹی اور پاکستان ٹوبیکو بورڈ سے متعلق درپیش مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا۔وفد نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں بڑے پیمانے پر تمباکو کی کاشت کی جاتی ہے اور ہزاروں خاندانوں کا روزگار اس فصل سے وابستہ ہے، تاہم کاشتکاروں کو کوٹہ کی تقسیم اور نرخوں کے تعین کے حوالے سے مختلف مشکلات اور زیادتیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوٹہ اور ریٹ سے متعلق کی جانے والی ناانصافیوں کا فوری ازالہ کیا جائے تاکہ کاشتکاروں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ مل سکے۔وفد کے شرکا کا کہنا تھا کہ اگر تمباکو کے کاشتکاروں کو بروقت اور منصفانہ نرخ نہ ملیں تو ان کے معاشی مسائل میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے متعلقہ ادارے اس معاملے کاسنجیدگی سے نوٹس لیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کاشتکاروں کے مسائل کو سنجیدہ قرار دیتے ہوئے ان کے حل میں انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ٹوبیکو سیس فنڈ تمباکو کے متعلقہ زمینداروں اور اسی ضلع میں خرچ کیا جائے اس حوالہ سے صوبائی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی بھی آواز بلند کرینگے،تمباکو کے کاشتکار صوبے کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کے جائز مطالبات کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ گورنر نے متعلقہ حکام سے بھی کہا کہ کاشتکاروں کے تحفظات دور کرنے اور انہیں ہرممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں, اور عیدالفطر کے بعد چیئرمین قائمہ کمیٹی سے ملاقات اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کا پی ثی بی حکام کے ساتھ مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔

