بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے اپنے دوسرے بیٹے کی پہلی جھلک شیئر کر دی۔
بھارتی اداکارہ نے اپنے دوسرے بیٹے کی آمد کے ایک ہفتے بعد مداحوں کو آہوجا خاندان کے نئے رکن کی پہلی جھلک دکھا دی۔
اداکارہ نے 29 مارچ کو اپنے شوہر آنند اہوجا کے ساتھ دوسرے بیٹے کو جنم دیا، انہوں نے جمعہ کے روز ممبئی کے ایچ این ریلائنس اسپتال سے اپنی کچھ تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں۔
ایک تصویر نے سب کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی، جس میں سونم اسپتال کے بستر پر لیٹی ہیں، آنکھیں بند، چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ، اور اپنے نومولود بیٹے کو سینے سے لگائے ہوئے ہیں جب کہ بچہ سفید کپڑے میں لپٹا ہوا ہے، مشکل سے نظر آ رہا ہے، مگر تصویر کا مرکز وہی ہے۔
تاہم، ابھی تک بچے کا نام عوامی طور پر ظاہر نہیں کیا گیا ہے، تصاویر کے ساتھ سونم نے ایک دل سے لکھا گیا پیغام بھی شیئر کیا، جس میں انہوں نے اس میڈیکل ٹیم کا شکریہ ادا کیا جس نے ان کے بیٹے کی محفوظ پیدائش میں مدد کی۔
انہوں نے لکھا ’میں سب کی شکر گزار ہوں‘ اور انہوں نے خاص طور پر اپنی ڈاکٹر کا ذکر کیا، جنہوں نے ان کی دونوں حمل کے دوران رہنمائی کی۔
سونم نے مزید لکھا ’ان کی دیکھ بھال میں اعتماد، سکون اور اطمینان کا ایسا احساس ہے جو بہت کم ملتا ہے، اور میں ان کی حمایت، دانشمندی اور مہربانی کے لیے بے حد شکر گزار ہوں‘۔
انہوں نے اسپتال کی پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا اور نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں بلکہ ان کے خلوص اور ہمدردی کو بھی سراہا۔
جوڑے نے اپنے بیٹے کی پیدائش کی خبر سب سے پہلے 29 مارچ کو ایک مشترکہ بیان کے ذریعے دی تھی، جو نہایت خوبصورت اور پُرخلوص تھا۔
بیان میں کہا گیا ’ہم اپنے بیٹے کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے بے حد خوش ہیں، ہمارا خاندان بڑھ گیا ہے، اور اس کی آمد سے ہمارے دل اور بھی خوبصورت انداز میں وسیع ہو گئے ہیں۔
پوسٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ان کا پہلا بیٹا 4 سالہ وائیو، اپنے نئے کردار کو لے کر بہت خوش ہے، وائیو اپنے چھوٹے بھائی کا استقبال کرنے کے لیے بے حد پرجوش ہے، اور ہم اس قیمتی نئی زندگی پر خود کو بے حد خوش قسمت سمجھتے ہیں جس نے ہمارے گھر کو خوشیوں اور محبت سے بھر دیا ہے۔

